ماحول دشمن بھٹوں کیخلاف آپریشن تیز ، 231 بھٹے مسمار

09-21-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماحول دشمن بھٹوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا، مختلف شہروں میں 231 بھٹے مسمار کر دیئے گئے۔

صوبائی وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  پاکپتن، بہاولپور، حافظ آباد، شیخوپورہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں محکمہ ماحولیات نے بھٹے گرا دئیے، مئی سے اگست تک چار ماہ کے دوران 231 بھٹے گرائے گئے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج اور سزائیں بھی ہوں گی۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کیاجائے گا، ماحول دشمن بھٹوں، زہریلے دھوئیں کی وجہ بننے والے تمام ذرائع کا سدباب اولین ترجیح ہے، سموگ کو ختم کرنے کے لئے سب کو اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی اور قانون پہ عمل کرنا ہو گا یہ زندگیوں کا معاملہ ہے۔