لاہور جلسہ: رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پشاورموٹروے پرہیوی مشینری پہنچادی: ترجمان پی ٹی آئی

09-21-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے کیلئے خیبرپختونخوا کے قافلوں کیلئے راستے میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے قافلے اب صبح 10بجے صوابی پہنچیں گےجبکہ ممکنہ رکاوٹوں کو ہٹانےکیلئے ہیوی مشینری استعمال کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور جلسے میں شرکت کیلئے خیبرپختونخوا کے قافلوں کے راستے میں رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پشاور موٹر وے پر 50 ہیوی مشینریز پہنچا دی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ کرین، شاول اور دیگرہیوی مشینری سے راستے میں کنٹینرز کو ہٹایا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ہیوی مشینری قافلے سے پہلے لاہور کی طرف روانہ ہوں گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کاہنہ میں رنگ روڈ پر آج کے جلسے کی اجازت دے دی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ 21 ستمبر کو دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی اور جلسے کی سکیورٹی آرگنائزرز کے ذمے ہوگی۔