جلسے سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کی نظربندی کے احکامات کا اقدام چیلنج

09-21-2024

(لاہور نیوز) جلسے سے پہلے پی ٹی آئی رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما زینب عمیر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی آج لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے، انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کررکھا ہے، این او سی کے باوجود ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے اپنے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا ہے، ڈپٹی کمشنر کے احکامات عوام میں خوف پھیلانے کے مترادف ہیں، عدالت فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے۔