محسن نقوی سے آئی سی سی وفد کی ملاقات، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 بارے گفتگو

09-20-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی سی سی وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، وفد نے کراچی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے سکیورٹی انتظامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کرا دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام ٹیموں کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے، اپ گریڈیشن کے بعد سٹیڈیمز میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں ہوں گی اور شائقین کرکٹ میچز سے زیادہ محظوظ ہوں گے، پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے اور تمام ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ وفد میں آئی سی سی کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل مینجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی مینجر ڈیوڈ مسکر، براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈ خالد محمود اور ہیڈ آف مارکیٹنگ سلمان مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔