شہباز شریف سے روس کے نائب وزیر اعظم کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

09-19-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم اوورچوک اور ان کے وفد کا وزیر اعظم ہاؤس میں خیر مقدم کیا، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے، اگلے ماہ اسلام آباد میں روسی وزیر اعظم جناب مشسٹن کے استقبال کے منتظر ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم  نے کہا کہ اس سال جولائی کے اوائل میں ان کی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔ اس موقع پر روسی نائب وزیر اعظم اوورچوک نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، روسی نائب وزیر اعظم  نے روس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔