سپیکر کا ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ

09-19-2024

(لاہور نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  نے مخصوص نشستوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بحیثیت سپیکر قومی اسمبلی پارلیمان کے تقدس اور خودمختاری کے اہم مسلئے پر بات کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کی خودمختاری اور وقار کو برقرار رکھنے کیلئے پارلیمانی اصولوں پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے، ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کر سکتا۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کا اطلاق 2017 سے کیا گیا ہے، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ پر عمل درامد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خط میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔