اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھائیں گے، مریم نواز
09-19-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھائیں گے۔
ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘پروگرام میں گھروں کی تعداد بڑھا کر 5 لاکھ سے زائد کریں گے، پنجاب بھر میں روایتی میلے بحال ہوں گے، ہر شہر میں خوبصورتی کیلئے پی ایچ اے بھی بنایا جائے گا، آئی جی پنجاب کو ہر شہر میں ڈولفن فورس قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں کارڈیالوجی بلاک جلد فعال کرنے کا حکم دیدیا، پاکپتن میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے جامع پلان بھی طلب کر لیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے پچھلے 5 سال کی خرابیاں دور کر رہے ہیں، چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ میں پرائیویٹ ہسپتال اور سرجن بھی شامل کئے گئے ہیں، ہمت کارڈ پر ہر چار ماہ بعد 15 ہزار روپے ملیں گے۔ انہوں نے کہا بیواؤں اور غریب اقلیتی بھائیوں کیلئے منارٹی کارڈ بھی ایشو کریں گے، پنجاب بھر میں 600 سڑکوں کو بحال کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی کا کہنا تھا مسلم لیگ(ن) کاشتکاروں کی حقیقی ہمدرد اور خیر خواہ ہے، وزیراعلیٰ کے بہترین اقدامات کی بدولت مہنگائی کم ہو رہی ہے، پہلی مرتبہ عوام کے پیسے عوامی پراجیکٹس پر لگتا دیکھ رہے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے ساہیوال ڈویژن کی سڑکیں بنانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔