انسداد ڈینگی کیلئے الائیڈ محکموں کو تعاون فراہم کرنا ہو گا، خواجہ سلمان رفیق
09-19-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے الائیڈ محکموں کو تعاون فراہم کرنا ہو گا۔
صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹکا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں الائیڈ محکموں کے عدم تعاون کا نوٹس لے لیا، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برتنے اور انتظامیہ سے تعاون نہ کرنے والے محکموں کے افسران کو سرینڈر کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کئے گئے، چیف سیکرٹری پنجاب نے الائیڈ محکموں کے سیکرٹریز کو خود راولپنڈی جا کر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا ڈینگی پر قابو پانے کیلئے الائیڈ محکموں کو مکمل تعاون فراہم کرنا ہو گا، غفلت کی گنجائش نہیں، مانیٹرنگ کیلئے محکموں کے سربراہان خود فیلڈ میں متحرک رہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی سب کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، راولپنڈی کے پوٹھوہار ٹاؤن سمیت ہاٹ سپاٹس پر سرویلنس کو تیز کیا جائے۔