ہرالیکشن میں نئےصوبےکا نعرہ لگا کرعوام کوبیوقوف بنایا جاتا ہے:طارق بشیرچیمہ

09-19-2024

(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ طارق بشیرچیمہ نے کہا ہے کہ ہر الیکشن میں نئے صوبے کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنایا جاتا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے متعلق باتوں کی سوائے سیاسی نعرے کے کوئی حیثیت نہیں، سیاسی جماعتیں سیاسی سٹنٹ کے لیے نئے صوبے بنانے کے نعرے لگاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بننے سے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی، نئے صوبے بننے سے سارا بجٹ لاہور، ملتان میں نہیں لگے گا، جتنے چھوٹے یونٹ بنیں گے اتنا ہی بہتر ہو گا، بہاولپور کی ایک مختلف حیثیت ہے۔ طارق بشیرچیمہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سب ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں، بہاولپور کے لوگوں نے متفقہ آئین پر دستخط کیے تھے، ہمیں جنوبی پنجاب صوبے سے کوئی اختلاف نہیں، تخت لاہور کے بعد اب ملتان کے جوتے کھانا شروع کر دیں، بہاولپور صوبے کی حیثیت بحال کی جائے۔ رہنما مسلم لیگ نے مزید کہا کہ بہاولپور سٹیڈیم میں بانی پی ٹی آئی نے بھی صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا، پیپلزپارٹی نئےصوبے کا نعرہ صرف ملتان کی حد تک لگاتی ہے، الیکشن میں نئے صوبے کا نعرہ لگا کر لوگوں کوبیوقوف بنایا جاتا ہے۔