آئینی ترامیم: جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا مشترکہ موقف ہو گا: اسد قیصر

09-18-2024

(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا مشترکہ موقف ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے معاملے پر جے یو آئی اورپی ٹی آئی پارلیمنٹ کے اندر جو کریں گے ملکر کریں گے، 19 ستمبر کو لاہور میں وکلا کا بہت بڑا کنونشن ہو رہا ہے، اس وکلا کنونشن کی تجاویز بھی سامنے رکھیں گے تاہم مولانا نے کہا ہے کہ مسودے کو مکمل مسترد کر دیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئینی ترامیم کو اپنے پارلیمنٹرینز سے بھی چھپایا، پارلیمنٹ کا حق ہے جو بھی قانون سازی کریں اس پر اوپن ڈبیٹ ہونی چاہیے، یہ پارلیمنٹ جعلی طور پر بنی ہے، جے یو آئی کے ساتھ  مشاورت سے معاملات آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ طے ہوا ہے جو بھی آئینی ترامیم ہو گی اس پر ہمارا مشترکہ موقف ہو گا، یہ چوری اور ڈاکہ زنی ہو سکتی ہے قانون سازی نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر آواز اٹھانا ہو گی۔