پاکستان کی معیشت کے فیصلے حکومت نہیں بلکہ آئی ایم ایف کرتی ہے، حافظ نعیم الرحمان
09-18-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کے فیصلے حکومت نہیں کرتی بلکہ آئی ایم ایف کرتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئی پی پیز کے معاملے پر تمام قانونی پہلو دیکھیں گے، ہم کسی بھی معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر نہیں چھوڑیں گے، ایسا نہیں ہوتا کے ایک واقعہ پر تین یا چار دن بات کی جائے پھر بھلا دو۔ انہوں نے کہا بہت بڑی انڈسٹری کو بھٹو دور میں نیشنلائز کیا گیا جس کا پاکستان کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، پہلے اداروں کو تباہ کرتے ہیں پھر کہتے ہیں پرائیویٹ کردو، دنیا میں نجکاری کی بد ترین مثال کے الیکٹرک ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ لازمی سروس ایکٹ بھی لایا جا رہا ہے کہ کوئی احتجاج نہ کرے، یہ اندھی نجکاری کسی صورت میں قابل قبول نہیں، یہ آئی پی پیز پرائیویٹ سیکٹر ہیں، جو انہوں نے لوٹ مار کی سب کے سامنے ہے، ایسی لوٹ مار کرنے والوں کی فضیلت بیان کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، یہ لوگ پہلے سرکاری سیکٹر میں لوٹ مار کرتے ہیں اور پھر گھوم کر آکر پرائیویٹ سیکٹر کو لوٹتے ہیں، سکولوں کو پرائیویٹ کر کے ڈھائی کروڑ بچوں کو تعلیم سے محروم کیا گیا۔