ایف آئی اے اہلکار افغانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے پر گرفتار
09-18-2024
(لاہور نیوز) غیر ملکی بالخصوص افغانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کئے جانے کا انکشاف ہو گیا۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کرتے ہوئے ادارہ کے اہلکار انیق کو والد سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان نے 2020۔21 اور 22 میں افغانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کئے، ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے پاسپورٹ آفس سے ملوث 4 ملزمان کو بھی گرفتار کر چکے ہیں، جن افغان شہریوں کو پاسپورٹ جاری کئے گئے انہوں نے ترکی سفر کیا، ترکی حکومت نے ان افغان شہریوں سے جعلی پاسپورٹ برآمد کئے تھے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ بلیو پاسپورٹ جاری کرنے سے ملک کی بدنامی ہوئی، بلیو پاسپورٹ کے غیر قانونی استعمال سے سفارتی تعلقات پر بھی اثر پڑا۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے نے 2 سال کی تحقیقات کے بعد اپنے ہی اہلکار کو گرفتار کر لیا، ملزم انیق پر دیگر ملزمان کو معلومات فراہم کرنے کا الزام بھی ثابت ہوا۔