جعل سازی پر مبنی ای میل حملوں سے سرکاری اداروں، وزارتوں کو نشانہ بنانے کا انکشاف

09-18-2024

(حریم جدون) جعل سازی پر مبنی ای میل حملوں کے ذریعے سرکاری اداروں اور وزارتوں کو نشانہ بنانے کا انکشاف ہو گیا۔

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سرکاری اداروں کو محتاط رہنے کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ منظم جعل سازی ای میل مہم کے ذریعے متعدد سرکاری اداروں کے ای میل سسٹم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، فشنگ ای میلز کے ذریعے دھوکہ دہی پر مبنی لنکس پر کلک کرنے سے سرکاری دستاویز کمپرومائز ہو سکتے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے کے لئے آئی پی ایڈریس اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، حملہ آور سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے کے لئے دھوکہ دہی والے ای میل ایڈریس استعمال کر رہے ہیں، ای میل میں منسلک پی ڈی ایف اور لنکس دستاویز جمع کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں، فشنگ لنکس کے ذریعے سرکاری ملازمین کے یوزر نام اور پاس ورڈ چرائے جا رہے ہیں۔ نیشنل سرٹ نے سرکاری اداروں، وزارتوں، ڈویژنز اور ذیلی اداروں کو حملوں سے بچنے کے لئے سائبر سکیورٹی بڑھانے کی سفارش کر دی اور کہا ہے کہ سرکاری ادارے، وزارتیں اور ان کے ذیلی ادارے اپنی ای میل سکیورٹی میں اضافہ کریں، سرکاری ادارے سرکاری دستاویز کی محفوظ ہینڈلنگ کریں، سرکاری ادارے تھریٹ انٹیلیجنس شیئر کریں تاکہ سائبر حملوں کی روک تھام کی جا سکے۔