افغان طالبان حکومت نے انسداد پولیو مہم معطل کر دی
09-17-2024
(لاہور نیوز) اقوام متحدہ نے کہا کہ افغان طالبان نے افغانستان میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم معطل کر دی ہے۔
انسداد پولیو مہم کی معطلی کی خبریں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو حفاظتی ٹیکوں کی مہم شروع ہونے سے عین قبل جاری کی گئیں، تاہم اس معطلی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی اور کابل میں طالبان کے زیر کنٹرول حکومت کا کوئی بھی اہلکار فوری طور پر اس معطلی پر تبصرے کے لئے دستیاب نہیں تھا۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ وہ افغانستان میں حکومتی سطح پر گھر گھر ویکسی نیشن کی مہم ترک کردینے اور اس کے بجائے مساجد جیسی جگہوں پر حفاظتی ٹیکے لگوانے کے بارے میں بات چیت سے آگاہ ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے اس سال افغانستان میں پولیو کے 18 کیسز کی تصدیق کی ہے، جن میں سے دو کے علاوہ باقی تمام ملک کے جنوبی حصے میں سامنے آئے تھے، 2023ء کے مقابلے میں اس مرتبہ پولیو کے چھ اضافی کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او سے منسلک ڈاکٹر حامد جعفری نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کا پولیو کے خاتمے کا اقدام افغانستان کے کچھ حصوں میں گھر گھر پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کی بجائے ویکسی نیشن کو دیگر مقامات پر منتقل کرنے کے بارے میں حالیہ پالیسی بات چیت سے آگاہ ہے۔