نبی کریم ﷺ کی ذات نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا: وزیر اعظم

09-17-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی ذات نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا۔

بارہ ربیع الاول، ولادت باسعادت نبی کریم ﷺ کے حوالے سے لاہور میں محفل میلاد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن انتہائی مبارک ہے، اس پر سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج اس عظیم ہستی کی ولادت ہوئی جس نے پوری کائنات بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ آپﷺ نے حسن اخلاق کے اعلیٰ معیار قائم کیے، نبی کریم ﷺ اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی حسن اخلاق سے پیش آتے تھے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات فلاح انسانی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہمارے معاشرے میں نقرت اور تقسیم پیدا ہو رہی ہے، نبی کریم ﷺ کی ذات وہ چراغ ہے جس  نے کائنات میں جہالت کے اندھیروں کو مٹایا، آپ ﷺ کی تعلیمات نے جہالت اور خون ریزی کرنے والوں کو اعلیٰ اوصاف کے حامل معاشرے میں بدل دیا۔ وزیر اعظم  نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان آزاد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ! پاکستان میں کروڑوں مسلمان بستے ہیں اور ہم آزاد ملک میں رہ رہے ہیں، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی وجہ سے غیر مسلم بھی پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کے بعد اربوں لوگ اسلام کی تعلیمات سے منور ہوئے، معاشرتی استحصال جیسے رویوں کے خاتمے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آقا کریم ﷺ کے غلام کا طرز عمل ان کی تعلیمات سے منافی ہو۔