عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پکوان سینٹرز کی چیکنگ، بھاری جرمانے عائد
09-17-2024
(لاہور نیوز) عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پکوان سینٹرز، لنگر خانوں، سبیلوں اور سویٹس شاپس کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر سپیشل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں آپریشن کرتے ہوئے 3398 سویٹس شاپس، پروڈکشن یونٹس، 359 پکوان سینٹرز اور لنگر خانوں کی چیکنگ کی۔ اس دوران انتہائی ناقص انتظامات پر 808 سویٹس، پکوان سینٹرز کو 1 کروڑ 11 لاکھ 78 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، 19 سویٹس پروڈکشن یونٹ، پکوان سینٹرز بند، 560 کلو ایکسپائر اشیاء، 300 کلو ناقص مٹھائیاں، 286 ٹوٹے انڈے، 275 لٹر ایکسپائر کولڈ ڈرنکس اور 170 کلو مضر صحت اشیاء اور ناقص آئل تلف کر دیا گیا جبکہ معمولی نقائص پر مزید بہتری کے لئے 2562 یونٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے دیگوں کی تیاری نہایت گندے، بدبودار ماحول میں کرنے پر پکوان سینٹرز کو بند کیا گیا، کچن ایریا میں مکڑی کے جالوں کی بہتات، گلی سڑی سبزیوں کا استعمال کیا جا رہا تھا، مٹھائیوں کی تیاری میں کھلے رنگوں اور کیمیکلز کے استعمال پر سویٹس یونٹس کیخلاف ایکشن لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ عید میلاد النبیﷺ پر فروخت کے لئے تیار مٹھائیوں اور پکوان سینٹرز کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے، ناقص اجزاء سے تیار غیر معیاری خوراک کا استعمال معدہ کے امراض کا باعث بن سکتا ہے، ربیع الاوّل میں سپیشل ٹیمیں چھوٹے بڑے فوڈ بزنسز کی چیکنگ کو یقینی بنا رہی ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا مزید کہنا تھا اشیاء خورونوش کی تیاری میں جعلسازی کرنے والوں کو پنجاب میں کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، عید میلاد النبیﷺ پر خوراک کی کسی قسم کی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔