گورنر پنجاب سے ڈپٹی چیئرمین نیب کی ملاقات، احتساب سہولت سیل پر بریفنگ

09-17-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ بھی ہمراہ تھے، ڈپٹی چیئرمین نیب نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو احتساب سہولت سیل (اےایف سی) پر تفصیلی بریفنگ دی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر  نے چیئرمین نیب کی زیرنگرانی ادارے میں ہونے والی اصلاحات کو سراہا۔ بریفنگ میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر  نے بتایا کہ اے ایف سی سپیکر صوبائی اسمبلی کی زیر نگرانی گریڈ 20 کے آفیسر کے ماتحت کام کرے گا، کسی بھی معزز ممبر صوبائی اسمبلی کیخلاف درج شکایت کو احتساب سہولت سیل میں سکروٹنی کیلئے ریفر کیا جائیگا۔  بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیل صوبائی اسمبلی ممبران کے خلاف نیب کو موصول شکایات پر ابتدائی سکروٹنی کرے گا تاہم نیب کسی بھی ایم پی اے کے خلاف موصول شکایت ڈائریکٹ ڈیل نہیں کرے گا، سیل ابتدائی تحقیقات کے بعد مذکورہ شکایت بذریعہ سپیکر نیب کو واپس ارسال کرے گا۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ملک میں ترقی کے لئے کرپشن کا خاتمہ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔  ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کسی کے ساتھ زیادتی ہو گی ، نہ ہی کسی کی عزت نفس مجروح کی جائے گی، چیمبرز آف کامرس میں بھی احتساب سہولت سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا نیب آئندہ اراکین اسمبلی کے خلاف گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا، غلط اور بے بنیاد درخواست پر درخواست دہندہ کے خلاف کارروائی ہو گی۔ گورنر پنجاب نے چیئرمین نیب کے مثبت اقدامات کو سراہا اور گورنر آفس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔