عید میلادالنبی ﷺ،دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا

09-17-2024

(لاہور نیوز) ملک بھرمیں جشن عیدمیلادالنبی ؐعقیدت واحترام ومذہبی جوش و جذبےکے ساتھ منایا جا رہا ہے، لاہور میں عید میلادالنبی ﷺکے موقع پر دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

لاہور میں تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے21توپوں کی سلامی دی،جوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے پرجوش نعرے بھی لگائے، تقریب کے وقت سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔  مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے، فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔