آئینی ترمیم پر ہم اور فضل الرحمان متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے، خورشید شاہ
09-16-2024
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر ہم اور مولانا فضل الرحمان متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، وفد میں خورشید شاہ، نوید قمر، جمیل سومرو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے۔ خورشید شاہ نے اسلام آباد میں فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد پارٹی رہنما نوید قمر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل سے آئینی ترمیم پر بات ہو رہی ہے اور بل آرہے ہیں، جو بل لا رہے تھے ان سے کچھ چیزیں ہٹائی گئیں، جن باتوں پر ہم سب متفق تھے اس بل کے لیے آئے تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ملک و قوم اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے قانون سازی کرنا ہمارا حق ہے، ہمیں اس سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا ہے، جب مولانا صاحب اور ہم متفق ہوں گے تو حکومت کو بتائیں گے، ہم آتے رہے ہیں اور آتے رہیں گے، یہ ملاقاتیں ہوتی رہیں گی، ہم جو بل لے کر آرہے تھے اس کا بتا دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اس لیے آئے کہ جن باتوں پر ہم سب متفق ہیں، ان پر بیٹھ جاتے ہیں، ساری جماعتوں سے بات کرکے بل پارلیمنٹ میں لے آئیں گے۔ قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر سربراہ جمیعت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے اور ان سے آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ گزشتہ 48 گھنٹے میں بلاول بھٹو زرداری کی دوسری بار مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کا وفد کے ہمراہ استقبال کیا۔