مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

09-16-2024

(لاہور نیوز) حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

سپریم کورٹ میں یہ درخواست عابد زبیری، شفقت محمود، شہاب سرکی، اشتیاق احمد خان، منیر کاکڑ و دیگر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست گزاروں کی جانب سے وفاق سمیت چاروں صوبوں اور قومی اسمبلی، سینیٹ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے، مجوزہ آئینی ترمیم کو اختیارات کی تقسیم اور عدلیہ کی آزادی کے خلاف قرار دیا جائے، وفاقی حکومت کو آئینی ترمیم سے روکا جائے اور مجوزہ آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ کی آزادی، اختیارات اور عدالتی امور کو مقدس قرار دیا جائے تاہم پارلیمنٹ اگر آئینی ترمیم کر  لے تو صدر مملکت کو دستخط کرنے سے روکا جائے۔