پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پرچون بازاروں میں مہنگائی کا راج

09-16-2024

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پرچون بازاروں میں مہنگائی کا راج برقرار ہے۔

عوام کو ریلیف دینے کے دعوے ہوا ہو گئے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دیئے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں آلو 120 روپے، بھنڈی 140 روپے، شملہ مرچ 250 روپے فی کلو ہے ، گاجر چائنہ 120 روپے اور گھیا کدو 100 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے۔ پھلوں کی خریداری بھی جیب پر بدستور بھاری ہے، سرکاری نرخ نامہ میں چار پھل مزید مہنگے ہو گئے۔ اوپن مارکیٹ میں سیب 280 روپے، امرود 250 روپے فی کلو فروخت کئے جا رہے ہیں، آڑو 350 روپے اور کھجور ایرانی 550 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد بھی کہیں نظر نہیں آ رہا، عوام کا کہنا ہے مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے، بچوں کا پیٹ پالنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب برائلر گوشت کی فی کلو سرکاری قیمت ایک روپیہ اضافے سے 595 روپے فی کلو ہو گئی، فارمی انڈے 306 روپے فی درجن ہیں۔