نواز شریف مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں پیش نہ ہونے پر لاہور آ گئے

09-16-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف مجوزہ آئینی ترامیم بارے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد اسلام آباد سے دوبارہ لاہور آ گئے۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کو معطل کرنے کی تحریک پیش ہوئی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئینی ترامیم ایوان میں پیش نہ ہونے پر اجلاس آج دن ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا، ذرائع سپیکر چیمبر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں آئینی ترامیم پیش نہیں ہو سکیں اس لئے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اجلاس ملتوی ہونے کے بعد دوبارہ لاہور چلے گئے، آئینی ترامیم پر ووٹنگ کی صورت میں نواز شریف آج دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد آئے تھے۔