ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قومی انڈر 17 فٹبال ٹیم این او سی کی منتظر

09-15-2024

(لاہور نیوز) پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم ساف چیمپئن شپ روانگی کیلئے این او سی کی منتظر ،پاکستان سپورٹس بورڈ میں این او سی کا معاملہ تاحال زیر غور ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کل تک این او سی کے اجرا کی امید رکھتی ہے، چیمپئن شپ کا آغاز 20 ستمبر سے ہونا ہے اور ٹیم کو کل روانہ ہونا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پی ایف ایف کو این او سی پراسس کے حوالے سے مثبت پیغام دیا ہے، پی ایس بی نے پی ایف ایف کی درخواست وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کو بھجوا دی ہے تاکہ این او سی جاری کرنے کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ پی ایس بی نے پہلے اعتراضات کی بنیاد پر پی ایف ایف کی درخواست واپس کر دی تھی، تاہم بعد میں پی ایف ایف کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے پراسس دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے وقت کی کمی کی وجہ سے دوبارہ درخواست دینے سے معذوری ظاہر کی تھی، پی ایس بی نے پی ایف ایف کو یہ پیغام دیا ہے کہ آئندہ کسی بھی دستاویز کو چیئرمین کے دستخط کے بغیر پراسس نہیں کیا جائے گا۔