عروہ حسین کا فرحان سعید کی سالگرہ پر محبت بھرا پیغام مداحوں کی توجہ کا مرکز
09-15-2024
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار و گلوکار فرحان سعید کی سالگرہ کے موقع پر ان کی اہلیہ عروہ حسین کے محبت بھرے پیغام نے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی۔
حال ہی میں اداکارہ عروہ حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شوہر فرحان سعید کی چند تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے محبت بھرا طویل پیغام بھی لکھا۔ مذکورہ تصاویر میں اداکار و گلوکار فرحان سعید نے سفید کرتا زیب تن کررکھا ہے اور بالکنی میں حسین موسم اور ساحلِ سمندر کے دلکش مناظر کا لطف اٹھارہے ہیں۔ پوسٹ کےکیپشن میں عروہ حسین نے شوہر فرحان سعید کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ" یہ میرے فون کی سب سے پسندیدہ تصاویر ہیں جن میں آپ اپنے خیالات میں گم ہیں، میں بہت خوش نصیب ہوں اور جانتی ہوں کہ آپ کے خیالات ہمیشہ اپنے خاندان کے لیے بہترین ہوتے ہیں"۔ اداکارہ نے لکھا کہ" میں اور آرا ان خوش نصیب لوگوں میں شامل ہیں جن کے ارد گرد آپ کی زندگی گھومتی ہے، چاہے آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، آپ میرے لیے محفوظ مقام ہیں"۔ عروہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ " میں بہت شکر گزار ہوں اور سب سے زیادہ خوش قسمت ہوں کہ آپ کی محبت ملی اور آپ زندگی کے اس سفر میں میرے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شوہر فرحان سعید کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ " سالگرہ مبارک ہو فرحان، میں آپ سے بہت محبت کرتی ہوں، آپ جانتے ہیں کہ میں انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارکباد دینے میں آگے نہیں ہوں لیکن یہ میرے ان پسندیدہ کلکس کو شیئر کرنے کا ایک بہترین موقع لگتا ہے جس کے ذریعے میں کیپشن میں اپنے خیالات کا اظہار کر سکتی ہوں"۔