شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی واپس لینے پر سابق کپتان معین خان نے خاموشی توڑ دی

09-14-2024

(ویب ڈیسک) سابق کپتان معین خان نے بھی شاہین آفریدی کو ٹی20 کی کپتانی سے ہٹائے جانے اور بابراعظم کو دوبارہ قیادت کے فرائض سونپنے پر لب کشائی کردی۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے کہا کہ شاہین آفریدی کو محض ایک ٹی20 سیریز کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹانا “غیر منصفانہ” تھا انہیں مزید وقت دینا چاہیے تھا۔ شاہین آفریدی میں ٹیم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ مختصر ترین فامیٹ میں کپتانی کیلئے بہترین انتخاب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کیلئے انکی جگہ کسی دوسرے کو بنایا جاسکتا تھا تاہم محض ایک سیریز کی بنیاد پر کپتانی ہٹانا ناانصافی ہے پھر آپ اُن سے اچھی کارکردگی کی امید کیسے کرسکتے ہیں؟۔معین خان نے کہا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا ایک کپتان کا تقرر ہوسکتا ہے لیکن اس کیلئے اس کھلاڑی کا تینوں فارمیٹ کھیلنا اور پرفارم کرنا ضروری ہے، بورڈ جس کو بھی کپتان بنائے اسے وقت دے۔