ذیابیطس بیماری جسم کے کس اہم حصے میں بیماری کی وجہ بن سکتی ہے؟ماہرین نے خبردار کردیا

09-14-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیا بیطس میں مبتلا افراد کو مسوڑھوں کا مرض لاحق ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔

محققین کی تحقیق میں معلوم ہوا کہ ذیا بیطس کے مریض جو خون کی چھوٹی شریانوں میں نقص آنے کی وجہ سے دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں، ان کے مسوڑھوں کی بیماری میں مبتلا ہونے کے خطرات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق وہ افراد جو ڈائبیٹک ریٹینو پیتھی (ایسی بیماری جو پردہ بصارت کو نقصان پہنچاتی ہے اور نابینا ہونے کا سبب بن سکتی ہے) میں مبتلا تھے ان کے درمیانے یا شدید نوعیت کے مسوڑھوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے خطرات 21 فی صد زیادہ تھے۔ اسی طرح ڈائبیٹک نیوروپیتھی (ایک بیماری جو اعصاب کو متاثر کرتی ہے) میں مبتلا افراد کے مسوڑھوں کے شدید مرض میں مبتلا ہونے خطرات 36 فی صد زیادہ تھے۔تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ وہ افراد جو دونوں بیماریوں یعنی ڈائیبیٹک ریٹینو پیتھی اور نیورو پیتی میں مبتلا تھے ان کے درمیانے یا شدید مسوڑھوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے خطرات 51 فی صد زیادہ تھے۔واضح رہے کہ تحقیق کے لیے محققین نے 16 ہزار کے قریب ذیا بیطس کے مریضوں کا مطالعہ کیا۔