قومی اسمبلی کا اجلاس: نومنتخب رکن مخدوم طاہر رشید نے حلف اٹھا لیا
09-14-2024
(لاہور نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں رحیم یار خان کے حلقہ این اے 171 سے منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رکن مخدوم طاہر رشید الدین نے حلف اٹھا لیا۔
ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے آغاز پر نومنتخب رکن سے ڈپٹی سپیکر نے حلف لیا۔ دوسری جانب آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگی رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز فرانس سے اور جے یو آئی (ف) کے رکن مولانا عبدالغفور حیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار بلائے جانے کا امکان ہے۔