والٹن روڈ منصوبے کو ڈیڈ لائن سے پہلے مکمل کرنے کا فیصلہ
09-14-2024
(لاہور نیوز) والٹن روڈ منصوبے کو ڈیڈ لائن سے پہلے مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
شہر کی اہم شاہراہ اور بیس سے پچیس لاکھ آبادی کو منسلک کرنے والی والٹن روڈ کے اپ گریڈیشن منصوبے کا کام تیز کر دیا گیا ہے، سی بی ڈی پنجاب نے اسفالٹ مشینری سے سڑک پر اسفالٹ بچھانے کا عمل شروع کر دیا، 4.2 کلومیٹر والٹن روڈ پر اسفالٹ مکمل کرکے 30 ستمبر کو کھول دیا جائے گا۔ سی بی ڈی پنجاب نے کنٹریکٹر کو والٹن روڈ کی تعمیر اور نکاسی سسٹم کا کام 20 اکتوبر کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی، والٹن روڈ سے سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کیلئے سیوریج سسٹم مکمل کر لیا گیا، والٹن روڈ سے فیروز پور روڈ تک 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ گاڑیوں اور بائیکس کے یوٹرن کے لئے چھ پل تعمیر کئے گئے ہیں، والٹن روڈ پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لئے تھری لین کیرج وے تعمیر کی جا رہی ہے، ٹریفک روانی کو رکاوٹ سے بچانے کے لئے دونوں طرف 40 فٹ چوڑی سروس روڈ تعمیر کی جا رہی ہے۔ والٹن روڈ کو بارش کے دوران ڈوبنے سے بچانے اور سیوریج اوور فلو جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے ٹرنک سیور اور اے ڈی اے نالے کی اپ گریڈیشن اور ری ماڈلنگ کی گئی ہے۔