ن لیگ قاضی فائزعیسیٰ کو زبردستی توسیع دے رہی ہے: علیمہ خان
09-14-2024
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن والے قاضی فائز عیسیٰ کو زبردستی توسیع دے رہے ہیں، ایم این ایز کے بچوں اور گھر والوں کو اٹھا یا جا رہا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں روز عدالتوں میں پیش ہونا پڑتا ہے،اگر نہ ہوں تو ہمیں جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، آئی جی نے ڈیڑھ سال سے کیس کی تفتیش ہی پوری نہیں کی، سب کو پتہ ہے ہم بے گناہ ہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ججز کو الیکٹ کیا جاتا ہے، یہاں ججز کو لگایا جاتا ہے، انسداد دہشتگردی عدالتوں کے سارے ججز کو تبدیل کردیا گیا کیونکہ وہ انصاف کرنا چاہ رہے تھے، ہم کب تک لاقانونیت کو برداشت کریں گے، اگر کل آپ کے بچوں اور گھر کی عورتوں کو اُٹھایا جائے گا تو آپ کس عدالت کے پاس جائیں گے۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن والے قاضی فائز عیسیٰ کو زبردستی ایکسٹینش دے رہے ہیں، آج ایم این ایز کے بچوں اور گھر والوں کو اٹھا یا جارہا ہے۔