کے پی میں گورنر راج لگا تو معاملات ہاتھ سے نکل جائینگے: فواد چودھری

09-14-2024

(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر اور سیاسی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگایا گیا تو معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ پوری پارلیمنٹ جعلی ہے، 18 سیٹوں کے ساتھ وزیر اعظم بیٹھے ہیں، سب نے جانا ہوتا ہے، کتنا عرصہ بندہ اقتدار میں رہتا ہے؟ فواد چودھری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے لوگوں کو جا کر اٹھایا گیا، پاکستان کے عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کی پوری بات سنیں کہ وہ کہہ رہے ہیں کوئی حل بتائیں، 90 لوگ صرف اس مہینے میں شہید ہوئے ہیں، حکومت نے دہشت گردی کے مسئلے کو غیر سنجیدہ انداز میں لیا، سیاسی درجہ حرارت کم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔  فواد چودھری نے  کہا کہ باہر کے ممالک سے مذاکرات وفاق کا کام ہے، دہشتگردی پورے پاکستان میں واپس آگئی ہے، خواجہ آصف وزیر دفاع ہیں لیکن ان کی دہشتگردی کے بارے میں کبھی کوئی سنجیدہ گفتگو نہیں سنی۔  فواد چودھری نے مزید کہا کہ غریبوں کے بچے شہید ہوجاتے ہیں اور وزیراعظم صرف ٹوئٹ کرکے چلتے بنتے ہیں، کے پی میں اگر گورنر رول کو لگایا تو معاملات ہاتھ سے نکل جائیں گے۔