پارلیمنٹ پرحملہ کرنے والوں کا مواخذہ ہونا چاہیے: لطیف کھوسہ
09-13-2024
(لاہور نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے پارلیمنٹ پر حملہ ان کا مواخذہ ہونا چاہیے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’ ٹونائٹ ود ثمر عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے 9 ستمبر کو پارلیمنٹ اور آئین پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پارلیمنٹ پر حملہ ان کا مواخذہ ہونا چاہیے، ابھی تو قومی اسمبلی، سینیٹ مکمل نہیں ہے، مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دی گئی، کل پٹاری سےکیا نکالتے ہیں ہم دیکھ لیں گے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ترمیم ہو گی تو ووٹ نہیں دیں گے، الیکشن کمیشن کی بدیانتی واضح طور پر ثابت ہو چکی ہے، ہمارا ایک رکن نہیں ٹوٹا، اگر کسی نے سیاسی خودکشی کرنی ہےتو اور بات ہے، تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین پارٹی ہے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری پارلیمانی پارٹی اپنی جگہ یکجا ہے، فارم 47 کی پیداوار حکومت عوام کی نمائندہ نہیں ہے۔ انہوں نے خواجہ آصف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف پارلیمان میں سب سے زیادہ فساد کی جڑ ہیں، خواجہ آصف کو ریحانہ ڈار سے شکست ہوئی، عمران خان سمیت پوری پارٹی علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑی ہے۔ لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں کوئی آئینی اصلاحات نہیں ہو رہی، یہ سب بدیانتی ہے، بنگلادیش کے حالات سے سبق سیکھنا چاہیے، خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ نفرتیں پیدا کر رہے ہیں، رانا ثنا اللہ کو ایک صوبے کے چیف منسٹر کو دھمکیاں نہیں دینی چاہئیں۔