ایئر ایمبولینس سروس سے 5 مریضوں کو کامیابی سے ہسپتال منتقل کیا گیا
09-13-2024
(لاہور نیوز) پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس اب تک 5 مریضوں کو کامیابی سے ہسپتالوں میں منتقل کر چکی ہے، دیگر صوبوں میں ابھی تک ایئر ایمبولینس منصوبے کی کاغذی کارروائیاں چل رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ابھی تک ایئر ایمبولینس سروس کیلئے فنڈ جاری نہیں کئے، خیبرپختونخوا حکومت ابھی تک سمری اور دیگر کاغذی کارروائیوں کے چکر میں پھنسی ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت مالی بحران کے باعث یونیورسٹیاں بند کر رہی ہے، ایک ہزار ارب روپے کی مقروض خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کی نقالی میں کاغذی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے، گزشتہ 11 سال سے کے پی کے اور 4 سال سے پنجاب میں حکومت کے باوجود ایئر ایمبولینس شروع نہیں کی جا سکی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی شروع کردہ ایئر ایمبولینس سروس مریضوں کی جان بچانے میں مصروف ہے، پنجاب میں حلیمہ زوجہ پرویز خاں کو ڈی ایچ کیوہسپتال میانوالی سے ڈی ایچ کیوہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ عبدالرزاق ولد عبدالستار کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کار ڈیالوجی، محمد بلال ولد جاوید اختر کو شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان سے لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مافیان زوجہ محمد افضل کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کار ڈیالوجی اور معظم علی کو سی ایم ایچ سیالکوٹ سے ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا۔