خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حالات نہیں ہیں: مولانا فضل الرحمان
09-13-2024
(لاہور نیوز) سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باتیں ہو رہی ہیں، خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حالات نہیں ہیں۔
قومی اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں امن و امان کے حالات اچھے نہیں، کیا گورنر میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ حالات کو کنٹرول کر سکے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے افغانستان سے براہ راست بات چیت کے بیان کو جذباتی بات قرار دیدیا، یہ جذباتی باتیں ہیں، حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی اپنی پارٹی پوزیشن واضع کر دی، انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے گزشتہ روز اپنا موقف واضع کر دیا تھا، یعنی جے یو آئی ووٹ نہیں کرے گی۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے اصلاحات کے حوالے سے جو تجاویز دی ہیں اس حوالے سے کوئی چیز آتی ہے تو اس پر غور ہو گا۔