صحافیوں کا تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ
09-13-2024
(لاہور نیوز) صحافیوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سلمان اکرم راجہ، شبلی فراز اور رؤف حسن کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
صحافیوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خواتین بارے نازیبا الفاظ پر پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا۔ اس موقع پر ایک صحافی نے کہا کہ ایسے الفاظ کا استعمال نہیں ہونا چاہئے، جواب میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا علی امین گنڈا پور کو صحافیوں بارے ایسی بات نہیں کرنی چاہئے تھی، بانی پی ٹی آئی نے کہا صحافی اس وقت جہاد کر رہے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر نے بھی علی امین گنڈا پور کے بیان کی مذمت کی، علی امین گنڈا پور نے کہا ہے بیان کی وضاحت کروں گا، پاکستان اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، صحافیوں بارے جو بھی بات ہوئی غلط ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا صحافیوں بارے بیان ہماری پارٹی کا موقف نہیں، کسی کی تضحیک کرنا ہماری پارٹی کا موقف نہیں ہے، صحافیوں کا احترام کرتے ہیں، نازیبا گفتگو پارٹی پالیسی نہیں۔ اس موقع پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ صحافی عوام تک ہماری بات پہنچاتے ہیں، ہمیں صحافیوں کی مشکلات کا بھی احساس ہے۔