ٹریڈنگ کارپوریشن مالی مشکلات کا شکار، 13 ادارے 291 ارب کے مقروض

09-13-2024

(ذیشان یوسفزئی) ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، حکومتی سمیت 13 دیگر اداروں نے ٹی سی پی کے 93 ارب 69 کروڑ سے زائد دبا لئے ہیں۔

دنیا نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق عدم ادائیگیوں پر 198 ارب روپے کا سود بھی چڑھ گیا ہے جس کی ادائیگی ضروری ہے، 13 ادارے ٹی سی پی کے مجموعی طور پر 291 ارب کے مقروض ہیں۔ نیشنل فرٹیلائزرز مارکیٹنگ لمیٹڈ سب سے زیادہ مقروض ہے اور این ایف ایم ایل نے 116 ارب روپے ادا کرنے ہیں، منسٹری آف نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ 2 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن بھی 96 ارب روپے کی مقروض ہے، وزارت صنعت و پیداوار بھی ٹی سی پی کی 16 ارب کی مقروض ہے، صوبائی حکومتیں بھی ٹی سی پی کی اربوں روپے کی مقروض ہیں۔ پنجاب کا محکمہ خوراک بھی 15 ارب روپے کا نادہندہ ہے، خیبرپختونخوا کا محکمہ خوراک 11 ارب روپے سے زائد کا مقروض ہے، بلوچستان کے محکمہ خوراک نے بھی 8 ارب روپے ٹی سی پی کے ادا کرنے ہیں اور سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے 8 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت گلگت بلتستان نے ٹی سی پی کے 5 ارب روپے ادا کرنے ہیں جبکہ حکومت آزاد کشمیر ایک ارب 98 کروڑ روپے سے زائد کی نادہندہ ہے۔