سیکرٹری بلدیات کا راوی زون لاہور کا دورہ، ترقیاتی سائٹس کا جائزہ
09-13-2024
(لاہور نیوز) سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے راوی زون لاہور کا دورہ کیا۔
اس دوران سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے لاہور بحالی پلان کے تحت یو سی نین سکھ، بوٹا پارک اور سعید پارک میں ترقیاتی سائٹس کا جائزہ لیا، چیف آفیسر ایم سی ایل علی عباس بخاری اور اے سی راوی زون بھی ہمراہ تھے۔ میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد ثاقب نے ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دی، سیکرٹری بلدیات نے سی او ایم سی ایل کو لاہور بحالی پلان بارے اہم ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا لاہور کی ری ویمپنگ کے لئے ایم سی ایل اور متعلقہ ادارے بہترین تعاون یقینی بنائیں، مین اپروچ روڈز کی ری سرفیسنگ بھی کی جائے، بجلی کی بے ہنگم لٹکتی تاروں کو درست کیا جائے۔ سیکرٹری بلدیات کا کہنا تھا لاہور بحالی پلان کے تحت خصوصی فوکس پسماندہ علاقوں پر کیا جائے، گلیوں کی تعمیر ومرمت کے ساتھ پائیدار ڈرینج سسٹم بھی بنایا جائے گا، گلیوں کی تعمیرو مرمت کا کام لانگ ٹرم پلان کے مطابق کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران متبادل راستے لازمی فراہم کئے جائیں، ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو تکلیف کم سے کم ہو، گلیوں کی تعمیر کے بعد خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔