مقتول امیر بالاج کے بھائی کا ویڈیو بیان، چھوٹے بھائی کے قتل کا اندیشہ ظاہر
09-13-2024
(لاہور نیوز) امیر بالاج قتل کیس کے مدعی امیر مصعب نے ویڈیو بیان جاری کر دیا، اپنے اور جاوید بٹ قتل کیس میں نامزد چھوٹے بھائی امیر فتح کے قتل کا اندیشہ ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق مقتول امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں امیر مصعب کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور سے انصاف کی اپیل کرتا ہوں ،طیفی اور گوگی بٹ مجھے اور میرے بھائی کو جان سے مارنے کی پلاننگ کر رہے ہیں، ویڈیو بنانے کا مقصد اپنے اہل خانہ پر ہونے والے ظلم پر بات کرنا ہے ، عرصہ 30 سال سے میری فیملی یہ سب کچھ برداشت کر رہی ہے۔ طیفی بٹ نے میرے دادا مرحوم کو اشتہاریوں سے قتل کروایا،2010 میں میرے والد کو شہید کیا گیا،2024 میں میرے بھائی کو شہید کیا گیا،اپنے اداروں سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے ملزمان کہاں گئے؟میرے دادا،والد اور بھائی کے قتل میں گوگی اور طیفی بٹ ملوث ہیں۔ امیر مصعب کا کہنا تھا کہ طیفی اور گوگی بٹ کہاں گئے؟ کیا ہمارے اداروں کو نہیں پتا؟ میری فیملی اور نقصان برداشت نہیں کرسکتی، یہ لوگ ہمیں نقصان پہنچانے کی مسلسل پلاننگ کر رہے ہیں، میری درخواست ہے طیفی اور گوگی بٹ کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔