عدنان ٹیپو کی اہلیہ نے سلیبریٹیز کے بچوں کیلئے الگ سکولز کا مطالبہ کردیا

09-13-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار عدنان شاہ ٹیپو کی اہلیہ نے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں ایسے سکولز بنانے چاہئیں جس میں صرف سلیبریٹیز کے بچے تعلیم حاصل کریں۔

حال ہی میں عدنان شاہ نے اہلیہ حاجرہ شاہ کے ساتھ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی چار بیٹیوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اداکار نے بتایا کہ جب ہماری چوتھی بیٹی ہوئی تو خاندان میں سے کسی نے افسردگی سے کہا کہ ہائے تمہارے گھر چوتھی مرتبہ بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس پر میں نے کہا آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ آپ افسوس کررہی ہیں یا مبارکباد دے رہی ہیں؟ اس دوران عدنان شاہ نے کہا کہ یہ اللہ کی خاص مہربانی ہے، میں اس رب کا شکر گزار ہوں کہ آج تک کبھی دل میں آیا ہی نہیں کہ بیٹا نہیں، اللہ پاک نے اولاد دی ہے وہی بہت بڑی بات ہے۔ میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ کے بچوں کو سکول میں اداکار کی بچیاں ہونے کا فائدہ حاصل ہوا؟ جواب میں عدنان شاہ نے کہا حاصل ہوتا ہے لیکن انہیں مشکلات بھی بہت ہوتی ہیں، کیونکہ سلیبریٹی کے بچے ہونے پر دوسرے بچوں میں احساسِ کمتری ہوتی ہے پھر وہ بُلی کرنا شروع کردیتے ہیں۔ اداکار کی اہلیہ حاجرہ شاہ نے کہا کہ میری بچیاں بہت زیادہ بُلی ہوتی ہیں بلکہ میری تو حکومت سے اپیل ہے کہ پاکستان میں ایسے  اسکولز بنائے جائیں جس میں صرف سلیبریٹیز کے بچے پڑھتے ہوں کیونکہ میری بچیاں اور میں یہ سب سہہ رہی ہوں۔