اسلام آباد ہائیکورٹ : پی ٹی آئی کے گرفتار اراکین کا جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل
09-12-2024
(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے گرفتار اراکین کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
پی ٹی آئی اراکین نے بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی عامر ڈوگر، اویس حیدر، سید احد علی شاہ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان نے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ چیلنج کیا۔ درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہم منتخب اراکین قومی اسمبلی ہیں، درخواست گزاروں کو قومی اسمبلی کے احاطہ سے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے وقت کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، درخواست گزاروں کو نامعلوم افراد نے گرفتار کیا، بعد ازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے درخواست گزاروں کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت کا حکم نامہ آرٹیکل چار اور دس اے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ہم پر فائرنگ کا الزام ہے مگر جائے واردات پر کوئی زخمی نہیں پایا گیا، ایف آئی آر میں درخواست گزاروں کا کوئی مخصوص کردار واضح نہیں کیا گیا، درخواست گزاروں کو پارلیمنٹ سے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے اراکین نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ جسمانی ریمانڈ کا حکمنامہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کا 10 ستمبر کا حکمنامہ غیر قانونی قرار دیا جائے ، 8 روز کے جسمانی ریمانڈ کے حکمنامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔