انسداد پولیو مہم کا چوتھا روز، ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے میں مصروف

09-12-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا چوتھا روز ہے، پولیو ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔

پہلے تین روز میں 1 کروڑ 11 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، لاہور میں 13 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، راولپنڈی میں 6 لاکھ 9 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے جبکہ ملتان میں 9 لاکھ 27 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے، پہلے دو روز 7 لاکھ 15 ہزار مہمان بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال کا کہنا ہے مہم کے دوران والدین پولیو ورکروں سے مکمل تعاون کریں، آج 12 اضلاع میں کیچ اپ کا آغاز ہو گیا ہے، پولیو کیچ اپ میں تمام گھروں کو دوبارہ چیک کیا جائے، پولیو ویکسین سے محروم تمام بچوں کو قطرے پلائے جائیں۔ خضر افضال نے کہا ویکسین سے محروم بچے پولیو کا آسان شکار ہو سکتے ہیں، ویکسین سے محروم بچوں کا مکمل اور درست ڈیٹا ترتیب دیا جائے، مانیٹرز دور دراز علاقوں پر خاص توجہ دیں، داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، اعلیٰ درجے کی انسداد پولیو مہم بچوں کی صحت کی ضامن ہے۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال کا کہنا تھا مہم کے دوران اضلاع صرف پولیو پر توجہ دیں، ضلعی افسران مہم کی نگرانی کریں، مہم کے دوران چیلنجز کے بارے بروقت آگاہ کیا جائے، پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مہم میں 15 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے، مہم میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، چکوال، اٹک، اوکاڑہ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، راجن پور بھی شامل ہیں، پولیو مہم میں 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد حصہ لے رہے ہیں۔