عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ، مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم
09-12-2024
(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے کیس ٹرائل کورٹ سے سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے ملزمان التمش ثقلین ، ندیم، محمد علی عرف چاند بٹ ، ملک خرم شہزاد اور عادل سرور کو گناہ گار قرار دیا جبکہ ملزمان خالد محمود ، علیم الدین اور علامہ ثاقب علی کو بے گناہ قرار دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی، ملزمان کیخلاف تھانہ اچھرہ میں مقدمہ درج ہے۔ واضح رہے کہ واقعہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آیا تھا جہاں شوہر کے ساتھ شاپنگ کے لئے آنے والی خاتون کو ان کے لباس کے باعث مشتعل ہجوم نے گھیر لیا تھا، ہجوم نے خاتون کو مقدس الفاظ کی توہین کے شک میں گھیرا تھا۔