سوشل میڈیا چھوڑو، کرائم کنٹرول پر توجہ دو، پولیس اہلکاروں کیلئے سوشل میڈیا پالیسی نافذ
09-12-2024
(دنیا نیوز) سوشل میڈیا چھوڑو، کرائم کنٹرول کرنے پر توجہ دو، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس افسران و ملازمین کے لئے سوشل میڈیا استعمال کی پالیسی جاری کر دی گئی۔
پالیسی کے مطابق ڈی پی او و یونٹ ہیڈ کی اجازت کے بغیر یونیفارم میں سوشل میڈیا پر کوئی سرگرمی نہیں کی جائے گی، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس اہلکاروں کی طرف سے کوئی ذاتی، سیاسی یا مذہبی خیالات شیئر نہیں کیے جا سکتے۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پالیسی کے مطابق پولیس کی سرگرمیوں سے متعلق سرکاری چینل صرف ڈی پی او و یونٹ کے سربراہ کے ذریعے چلایا جائے گا، کسی بھی سوشل میڈیا سرگرمی کے لیے نجی افراد کو پولیس کی گاڑیوں اور دفاتر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ سوشل میڈیا پالیسی کے نفاذ کے لیے آر پی اوز و یونٹ کے سربراہان ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے، آئی جی پنجاب کے حکم پر اے آئی جی آپریشنز نے سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔