حکومت اسٹیبلشمنٹ کیخلاف تحریک انصاف والا کام کررہی ہے: فیصل واوڈا
09-11-2024
(لاہور نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کیخلاف تحریک انصاف والا کام کررہی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں سینیٹر فیصل واوڈا کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک طرف کہتےہیں فوج سےبات نہیں کریں گے، پہلےگالیاں پھرفوج سےپاؤں پکڑ کر معافیاں مانگتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو اب ایسے لوگوں کے لیے رحم دل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد سے کیک، پیسٹری کھا کر گئے ہیں، اگلی بار پیٹیس گرم اور ساتھ کریم بھی ہو گی، علی امین گنڈا پور کا کوئی ویڈیوبیان نہیں دیکھا، علی امین گنڈا پور اتنی لمبی میٹنگ کر کے گئے ہیں، پریس ریلیز کو کیسے مان لوں کہ وہ پھنےخان ہیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جو کام کر رہی ہے حکومت بھی اسٹیبلشمنٹ کیخلاف وہی کر رہی ہے، جب ان کو گرفتار کر رہے تھے تب جمہوری نہیں تھے، آج یہ گرفتاریاں کرنے کے بعد جمہوری ہو گئے ہیں، حکومت ملبہ فوج پر ڈالنے والا کھیل نہ کھیلے، حکومت نے ایکشن لیا ہے تو اپنے موقف پر قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے گھر کی خواتین کا دفاع نہیں کر رہے ملک کی خواتین کا دفاع کیسے کریں گے، بانی پی ٹی آئی کویہ پتہ تھا کچھ بڑا ہونا ہے، دنیاوی اور قانونی طور پر بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں دیکھ رہا ہوں۔