رات دیر تک جاگنا کس بیماری کے خطرات میں اضافہ کردیتا ہے؟ماہرین نے خبردار کردیا

09-11-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ جو لوگ دیر تک جاگنا پسند کرتے ہیں ان میں ٹائپ 2 ذیابیطس ہونے کا امکان جلد سونے والوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

ذیابیطس کے مطالعہ کے لیے یورپی ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں پیش کردہ نتائج کے مطابق جو لوگ رات دیر تک جاگتے ہیں، ان میں شوگر کا مرض ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ محققین نے بتایا کہ رات میں جاگنے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ اس وقت بھی ہوتا ہے جب دیگر غیر صحت بخش طرز زندگی والے عوامل جیسے ناقص خوراک، ورزش کی کمی، شراب نوشی، تمباکو نوشی اور کم نیند بھی کارفرما ہو۔ محققین نے کہا کہ اس کی ایک ممکنہ وضاحت یہ ہے کہ رات کو جاگنے میں جسمانی نظام کی فطری گھڑی سماجی نظام الاوقات کے ساتھ ہم آہنگ نہیں رہتی۔جب ایسا ہوتا ہے تو جسمانی نظام غلط ترتیب کا شکار ہوتا ہے جس کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ یہ میٹابولک خرابی اور بالآخر ٹائپ 2 ذیابیطس کا باعث بن سکتا ہے۔