وزیر اعظم کا سابق خاتون اول کلثوم نواز کی چھٹی برسی پر خراج عقیدت

09-11-2024

(لاہور نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق خاتون اول اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعظم  نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہن کلثوم نواز کی وفات کا غم ہمارا پورا خاندان نہ کبھی بھولا ہے اور نہ بھول سکتا ہے، مادرِ جمہوریت کلثوم نواز کی ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا محترمہ کلثوم نواز  نے بطور اہلیہ، ماں، بہن اور سیاسی قائد، جرات و بہادری اور صبر و استقامت کی ناقابل فراموش تاریخ لکھی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے لئے وہ ایک فولادی ڈھال تھیں، آمریت کے خلاف ان کی قابل فخر اور یادگار تحریک سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔ محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسلام، قرآن اور نبی اکرم ﷺ سے عقیدت و محبت کلثوم نواز صاحبہ کا زندگی بھر کا معمول رہا، وہ مشرقی روایات اور اقدار کا پیکر تھیں، بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے شفقت اور ہمیشہ دانائی کی بات کرنا ان کی شخصیت کا حصہ تھا، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔