چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، انسداد پولیو مہم کا جائزہ

09-10-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کے 15 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، پہلے روز 38 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبہ میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا، محکمہ صحت کے حکام نے جاری انسداد پولیو مہم بارے بریفنگ دی۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 39 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم 15 ستمبر تک جاری رہے گی، دیگر 12 اضلاع میں مہم 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مسڈ چلڈرن کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے مائیکرو پلانز کو نئے طریقے سے ترتیب دیا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز 15 اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں، پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے، ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے سب کو ملکر قومی جذبے کیساتھ کام کرنا ہو گا۔ چیف سیکرٹری نے ساہیوال اور چکوال میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال نے بھی شرکت کی۔