منشیات سمگلنگ، بڑھتے کیسز بڑا معاشی چیلنج ہے: ڈائریکٹر اے این ایف

09-09-2024

(لاہور نیوز) ڈائریکٹراے این ایف سید سجیل حیدر نے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال، سمگلنگ اور کیسز میں اضافہ معاشرے کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

اسلام آباد میں ڈائریکٹر اے این ایف سید سجیل حیدر  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ والدین، اساتذہ، طلبا، میڈیا سمیت تمام سماجی کارکنان مہم میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کے لیے بڑا چیلنج ہے، پاکستان منشیات کے پھیلاؤ سےشدید متاثر ہے، ہمسایہ ملک میں پوست کی کاشت میں کمی آئی، ہمسایہ ملک میں سنتھیٹک ڈرگ کی پیداوار میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ سجیل حیدر کا کہنا تھا کہ منشیات کے استعمال، سمگلنگ اور کیسز میں اضافہ معاشرے کے لیے المیہ ہے، تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام اولین ترجیح ہے، پاکستان 2001  سے منشیات کی کاشت سے پاک ملک  کے طور پر اپنا سٹیٹس برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر اے این ایف نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا بطورآلہ کار استعمال ایک سنگین خطرہ ہے، انسداد منشیات کے لیے اے این ایف کی کارروائیاں جاری ہیں، منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے لیے تعلیمی اداروں میں خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا، اے این ایف نے مہم کے دوران بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی۔