دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی کوشش کی: مریم نواز

09-09-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی مذموم کوشش کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی دن برائے تحفظِ تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 9 ستمبر، اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ تعلیم اقوام انسانیت کی فلاح کا بنیادی ذریعہ ہے، کسی بھی قوم کی بقاء اور تعمیر کا راز تعلیم یافتہ نسلوں میں پوشیدہ ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں تعلیمی ادارے حملوں کا نشانہ بنتے ہیں، 16 دسمبر اے پی ایس حملہ، تاریخ کاسیاہ ترین باب ہے یہ دراصل تعلیم پر ایک بہت بڑا حملہ تھا، دہشت گردی اور انتہا پسندی نے ہمارے بچوں کے خواب چھیننے کی مذموم کوشش کی، تعلیمی اداروں پر حملہ صرف عمارت ہی نہیں بلکہ قوم کے مستقبل اور امن کے خواب پر بھی حملہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے لئے محفوظ اور بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوشش ہے کہ ہر بچے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ بلا خوف و خطر اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تعلیم کو ہر طرح کے حملوں سے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی معاشرتی ذمہ داری ہے۔