تمام ریاستی وسائل پی ٹی آئی کا راستہ روکنے پر لگے ہوئے ہیں: شبلی فراز

09-09-2024

(لاہور نیوز ) مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تمام ریاستی وسائل پی ٹی آئی کا راستہ روکنے پر لگے ہوئے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جتنے فگرز اوپر نیچے کریں مہنگائی کم نہیں ہو رہی، ملک نہیں چل رہا، ادارہ جاتی تباہی کی طرف ملک جا رہا ہے، وزیر خزانہ کے پاس کوئی چوائس نہیں ہے۔ شبلی فراز کی اظہار خیال کےدوران حکومتی ارکان کی جانب سے خوب شور شرابا بھی کیا گیا، شبلی فراز  نے کہا کہ 40 سال آپ نے حکومت کی اور ملک کا بیڑا غرق کیا، ہم 3 سال حکومت میں رہے اس وقت ہماری گنتی کم کی جا رہی ہے۔ شبلی فرازکا مزید کہنا تھا کہ یہاں عوام کے خلاف قانون سازی ہو رہی ہے، ایوان کے رولز میں ترمیم کریں کہ قانون سازی کے حق یا مخالفت میں کھڑے ہو کر ووٹ کریں، ایسے قوانین منظور نہ کریں جس پر آپ کو ندامت ہو۔