راجن پور پولیس کے کانسٹیبل توصیف احمد شہید کے اہل خانہ کو گھر دے دیا گیا

09-09-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے سرگرم ہیں۔

فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا، راجن پور پولیس کے کانسٹیبل توصیف احمد شہید کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا۔ شہید کے اہل خانہ کو ان کی پسند کے مطابق ایگزیکٹو ولاز ملتان میں تمام سہولیات سے آراستہ 5 مرلے کا گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل توصیف احمد نے اگست 2023 میں تھانہ حاجی پور کی حدود میں 3 خطرناک ڈکیتوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا، آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کانسٹیبل توصیف احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ملزموں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔